نئی دہلی11جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر میں امرناتھ یاتریوں کی بس پر کل رات دہشت گردوں کے دو دھڑوں نے دو بار حملہ کیا گیا تھا۔جموں کشمیرحکومت کی طرف سے آج وزارت داخلہ کو حملے کے بارے میں پوسٹ کیا گیا رپورٹ میں یہ بات کہی گئی ہے۔دو صفحے کی رپورٹ کے مطابق سری نگر سے جموں کی راہ میں اننت ناگ ضلع کے سنگم نامی جگہ پر بس کا ٹائر پنکچر ہوا تھا۔اسے تبدیل کرنے کی وجہ سے صرف ایک گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔اس کے تھوڑی دیر بعد کل رات تقریبا آٹھ بج کر 17منٹ پر بس کے کھانبل پہنچتے ہی دہشت گردوں کے ایک گروپ نے اس پر حملہ کر دیا۔دہشت گردوں کی فائرنگ کے درمیان ہی بس ڈرائیور سلیم شیخ نے بس کو روکا نہیں لیکن محض 75میٹر کی دوری طے کرنے پر دہشت گردوں کے ایک اور گروپ نے بس پر حملہ کر دیا۔رپورٹ کے مطابق بس ڈرائیور نے اس حملے کے دوران بھی بس کونہیں روکا۔چند کلومیٹر فاصلہ طے کرنے کے بعد بس ڈرائیور نے ایک پولیس چوکی پر بس کو روک دیا۔یہاں تعینات پولیس اہلکار زائرین کے ساتھ بس کو اننت ناگ پولیس لائن لے گئے جہاں زخمی حجاج کرام کو اسپتال پہنچانے سے پہلے ابتدائی طبی امداد مہیا کرائی گئی۔رپورٹ کے مطابق زیادہ ترزائرین کے پاؤں، ناک اور کندھے میں چوٹ آئی ہے۔